ایڈمز کا امبر کارٹ رائٹ کو چائلڈ کیئر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کرنے کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے امبر کارٹ رائٹ کو دفتر برائے چائلڈ کیئر اور ابتدائی تعلیم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میئر ایڈمز کا کہنا ہے کہ کارٹ رائٹ کو اس شعبے میں 30 سالہ تجربہ حاصل ہے اور وہ مختلف سرکاری اور نجی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے کہا نئی ذمہ داریوں کے تحت، کارٹ رائٹ شہر میں چائلڈ کیئر اور ابتدائی تعلیمی پروگراموں کے فروغ، بین ایجنسی تعاون، پالیسی سازی اور والدین و تعلیمی ماہرین کے ساتھ اشتراک کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں گی۔ میئر ایڈمز نے مزید کہا کہ نیویارک کے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کارٹ رائٹ کی قیادت فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ یہ اقدام ایڈمز انتظامیہ کی تعلیمی اصلاحات کا تسلسل ہے، جس کے نتیجے میں شہر میں 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچے تعلیمی پروگراموں میں داخل ہو چکے ہیں۔ کارٹ رائٹ نے تقرری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابتدائی تعلیمی نظام کے استحکام اور معیاری چائلڈ کیئر تک رسائی کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔