گاڑیوں کی چوری اور کریڈٹ کارڈ فراڈ میں ملوث 13 گینگ ممبرز گرفتار
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے لانگ آئی لینڈ میں پولیس نے جدید گاڑیوں کی چوری اور کریڈٹ کارڈ فراڈ میں ملوث 13 مبینہ گینگ ممبرز کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق، یہ گروہ تقریباً 50 گاڑیاں چوری کرنے اور درجنوں افراد کی شناخت اور رقوم لوٹنے میں ملوث تھا۔ سفوک پولیس کمشنر کیون کیٹالینا کے مطابق، گینگ کے ارکان متاثرین کو دھوکہ دہی کا علم ہونے سے پہلے ہی چوری شدہ کریڈٹ کارڈز سے صبح سویرے خریداری کر لیتے تھے۔ سفوک کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے مختلف علاقوں، بشمول نارتھ پورٹ، لنڈنہرسٹ اور اوکڈیل، میں گاڑیوں کی چوری کی نگرانی کی فوٹیج جاری کی ہے۔ حکام کے مطابق پیر کو آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 13 مشتبہ افراد پر فرد جرم بھی عائد کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ اٹارنی رے ٹیرنی کے مطابق، گینگ نے 75 کریڈٹ کارڈز چوری کیے اور لانگ آئی لینڈ و نیویارک سٹی میں ٹارگٹ، والمارٹ اور ایپل اسٹورز سے 40 ہزار ڈالر سے زائد کی خریداری کی۔ ٹیرنی نے موجودہ ضمانتی قوانین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات کے باعث کئی ملزمان کو رہا کرنا پڑا، جس سے جرائم کی روک تھام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔