بوسٹن ایئرپورٹ پر بچھو کے ڈنک سے خاتون زخمی
میساچوسٹس(ویب ڈیسک) امریکی ریاست میساچوسٹس کے بوسٹن لوگان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک خاتون کو بچھو نے ڈنک مار دیا، واقعے میں خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
حکام کے مطابق، واقعہ شام 5 بجے کے قریب پیش آیا جب لوگان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنا سامان وصولی کے دوران 40 سالہ خاتون کو بچھو نے ڈنک مار دیا۔ بوسٹن ایمرجنسی میڈیکل سروسز نے متاثرہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا، لیکن بچھو کی نوعیت اور خاتون کی صحت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق، زیادہ تر بچھو کے ڈنک شدید درد اور جلن کا باعث بنتے ہیں، لیکن بعض اقسام کا زہر دل اور اعصابی نظام پر خطرناک اثرات ڈال سکتا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے صفائی اور سیکیورٹی کے اقدامات مزید سخت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ خاتون کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔