نیویارک سٹی کی کریڈٹ ریٹنگ مستحکم، مالی استحکام کی عالمی سطح پر توثیق
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے اعلان کیا ہے کہ چار بڑی بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے شہر کی مضبوط بانڈ ریٹنگ اور مستحکم مالی حیثیت کی تصدیق کر دی ہے۔
میئر ایڈمز کے مطابق، چار بڑی بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں میں موڈیز، ایس اینڈ پی گلوبل، فچ، اور کرول بانڈ ریٹنگ ایجنسی شامل ہیں۔ ان ایجنسیوں نے شہر کے 1.5 بلین ڈالر کے جنرل اوبلیگیشن بانڈز کو ڈبل-اے کیٹیگری میں برقرار رکھا، جسے نیویارک کی مضبوط مالی حکمت عملی، مستحکم محصولات، اور بجٹ کے ذخائر کی بنیاد پر مثبت قرار دیا گیا ہے۔ میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ یہ درجہ بندی ان کی انتظامیہ کی موثر مالی پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا روزگار میں اضافہ، سیاحت کی بحالی اور جرائم میں کمی جیسے عوامل نیویارک سٹی کی ترقی کی واضح علامت ہیں۔ میئر نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے شہر کی معیشت کو بحال کر دیا ہے، روزگار کی شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے، سیاحت بحال ہو رہی ہے، اور جرائم میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ یہ کریڈٹ ریٹنگز مالی سال 2026 کے ابتدائی بجٹ کے اجرا کے بعد سامنے آئی ہیں، جس میں سڑکوں، سب ویز، ٹیکس ریلیف، اور شہری ترقی پر توجہ دی گئی ہے۔