ایلون مسک کے خلاف احتجاج، 9 افراد گرفتار
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک میں ایلون مسک کی جانب سے وفاقی ملازمین کو نکالے جانے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔
امریکی رپورٹ کے مطابق یہ احتجاج ایلون مسک کے وفاقی ملازمین کو نکالے جانے کے خلاف کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق احتجاج کا نام ٹیسلا ٹیک ڈاؤن تھا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، جو امریکا بھر میں ٹیسلا کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا حصہ تھا۔ احتجاجی مظاہرین نے روڈز بلاک کیں اور ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ایلون مسک کے خلاف احتجاج کیا جن پر لکھا تھا ٹیسلا جلاؤ، جمہوریت بچاؤ اور امریکا میں آمریت نامنظور۔ رپورٹ کے مطابق احتجاج کے منتظمین نے شہریوں سے درخواست کی وہ ٹیسلا کے شیئرز فروخت کریں اور کمپنی کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ ٹیسلا اور وائٹ ہاؤس کے ترجمانوں نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔