ایڈمز کا ثقافتی ترقی کے لیے 59.3 ملین ڈالر کی ریکارڈ فنڈنگ کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور محکمہ ثقافتی امور کی کمشنر لاری کمبو نے شہر کے پانچوں بورو میں 1,078 ثقافتی تنظیموں کے لیے 59.3 ملین ڈالر کی ریکارڈ فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔
یہ سالانہ سرمایہ کاری ایک مسابقتی جائزہ عمل کے تحت دی جاتی ہیں، جن میں 51.9 ملین ڈالر میئر کے دفتر اور 7.4 ملین ڈالر سٹی کونسل کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ سرمایہ کاری فنون، ثقافت اور تاریخی اداروں کی معاونت کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرے گی اور شہر کے ثقافتی شعبے کو مزید مستحکم کرے گی۔ اس سال اس فنڈ میں شمولیت بڑھانے کے اقدامات پر بھی توجہ دی گئی ہے، جن میں معذور افراد، انگریزی نہ بولنے والے اور کمزور طبقات کے لیے ثقافتی پروگرام شامل ہیں۔ اس سرمایہ کاری کے تحت زبانوں کی سہولت کے لیے فنڈ، معذور افراد کے لیے فنڈ، ہر بورو کی ثقافتی کونسل کے لیے اضافی سرمایہ کاری، اور برابری کے لیے مخصوص فنڈ جیسے اقدامات شامل کیے گئے ہیں، جو کم آمدنی والے علاقوں میں ثقافتی ترقی کو فروغ دیں گے۔ میئر ایڈمز نے اپنے سالانہ خطاب میں نیویارک کے ثقافتی اداروں کے لیے مزید وسائل فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں ثقافتی اداروں کے نئے گروپ میں پانچ مزید تنظیموں کو شامل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے،تاکہ شہر کے تخلیقی شعبے کو مزید وسعت دی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا یہ فنڈنگ نیویارک کو ایک عالمی ثقافتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرے گی، مقامی فنکاروں کو وسائل فراہم کرے گی اور ثقافتی شعبے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنائے گی۔