نیویارک پولیس نے رمضان المبارک کی تیاریاں شروع کردی
نیویارک میں رمضان المبارک کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے مسلم کمیونٹی کو یقین دہانی کروائی ہے کہ مساجد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمیونٹی افیئرز بیورو کے زیر اہتمام کوئنز میں واقع پولیس اکیڈمی میں منعقدہ پر ی رمضان کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔اس موقع پر امریکی قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔کانفرنس میں پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش سمیت اعلیٰ افسران ، علما کرام، مسلم کمیونٹی کے اکابرین اور عمائدینِ شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔چیپلن امام طاہر نے قران و حدیث کی روشنی میں رمضان المبار ک کی فضیلت و اہمیت بیان کی۔اس موقع پر پولیس کمشنر جیسیکا ٹش اور کمیونٹی افیئرز بیورو کے ڈپٹی کمشنر مارک اسٹیورٹ نے مسلمانو کو رمضان کی مبارکباد دی ۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال کسی قسم کی دھمکی کا سامنا نہیں،پولیس ہر شہری کی جان و مال کا تحفظ بنانے کے لیے متحرک ہے۔ پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کا مزید کہنا تھا کہ مسلم افسران کی نمائندہ تنظیم مسلم آفیسرز سوسائٹی کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ اس موقع پر این وائے پی ڈی کے دیگر اعلیٰ افسران کا کہنا تھا کہ نفرت انگیز جرائم کی اس شہر میں کوئی جگہ نہیں ۔پری رمضان کانفرنس میں مسلمان افسران بھی بڑی تعداد ن میں شریک تھے۔ این وائے پی ڈی میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر اور ایم و ایس کے سابقہ صدر عدیل رانا اور مسلم آفیسرز سوسائٹی کے نو منتخب صدر کیپٹن وحید اختر کا کہنا تھا کہ یہ شہر بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری میں اپنی مثال آپ ہے، ماہِ رمضان میں مسلمان کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔اس موقع پر مسلمان خواتین افسران نے سب کو رمضان کی آمد کی پیشگی مبارکباد دی اور امن و اتحاد کا پیغام دیا۔تقریب میں حاضرین کو آگہی دی گئی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی اور ہنگامی صورتحال میں فوراً 911 پر اطلا ع دیں۔مسلم کمیونٹی نےرمضان المبارک میں سیکورٹی کی فراہمی اور تعاون کی یقین دہانی پر پولیس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا ۔