
برڈ فلو کیسز میں اضافہ، احتیاطی تدابیر سخت
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور کمشنر ڈاکٹر مشیل مورس نے شہر میں برڈ فلو کے کیسز رپورٹ پونے کے بعد حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ صحت کی قائم مقام کمشنر ڈاکٹر مشیل مورس کے مطابق، نیویارک کے مختلف پارکوں، چڑیا گھروں اور لائیو برڈ مارکیٹس میں برڈ فلو کے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ نیویارک اسٹیٹ محکمہ ماحولیات مردہ پرندوں کے نمونوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ لیکن فی الحال شہریوں کے لیے خطرہ کم ہے کیونکہ نیویارک یا امریکہ میں کسی انسان میں اس وائرس کی منتقلی کے شواہد نہیں ملے۔ میئر ایڈمز نے شہریوں کو یقین دلایا کہ وائرس کو قابو میں رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈاکٹر مورس نے کہا اگرچہ انسانی منتقلی کا کوئی ثبوت نہیں، مگر احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ نیویارک اسٹیٹ محکمہ زراعت و مارکیٹس نے 7 فروری کو ان لائیو برڈ مارکیٹس کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے جہاں کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ متاثرہ مارکیٹس کو صفائی اور جراثیم کشی کے بعد چند دنوں میں دوبارہ کھولا جائے گا۔ محکمہ صحت متاثرہ مارکیٹ ورکرز کو مفت ٹیسٹنگ اور اینٹی وائرل دوا فراہم کر رہا ہے، چاہے وہ علامات ظاہر نہ بھی کر رہے ہوں۔