vosa.tv
Voice of South Asia!

واشنگٹن،نیویارک اور کینیڈا میں عمران خان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی کے مظاہرے

0

نیویارک:پاکستان تحریک انصاف  کی اپیل پرپاکستان کے ساتھ ساتھ  امریکہ اور کینیڈا کے مختلف شہروں میں بھی  احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ان مظاہروں میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے شریک ہوئے،جنہوں نے ہاتھوں میں پی ٹی آئی کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا اہم مطالبہ تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور رہنما عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔واشنگٹن ڈی سی میں کیپٹل ہل کے قریب منعقدہ احتجاج میں مقامی رہنما جانی بشیر اور خالد تنویر کے علاوہ سندھ سے رکن صوبائی اسمبلی عثمان گھمن نے خطاب کیا۔ انہوں نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور سیاسی انتقام کا حصہ ہیں۔اس موقع پر انسانی حقوق کی تنظیم کوڈ پنک کی مرکزی رہنما میٹا بنجمن نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے عمران خان کو عوام کا حقیقی نمائندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ عالمی انسانی حقوق کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔ میٹا بنجمن نے کہا کہ عمران خان میں پوری امت مسلمہ اور انسانیت کو متحد کرنے کی صلاحیت موجود ہے، اور وہ غزہ میں جاری مظالم کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اس مظاہرے کے دوران کیپٹل ہل کے اطراف میں ایک ٹرک ڈسپلے بھی کیا گیا۔ اس ٹرک پر عمران خان کی قید اور ان کے سیاسی مخالفین کے بارے میں مختلف نعرے درج تھے۔ ٹرک جلسے کے قریب اور واشنگٹن کے مختلف علاقوں میں گردش کرتا رہا، جس نے مظاہرے کو مزید توجہ کا مرکز بنایا۔نیویارک میں ٹائمز اسکوائر پر بھی پی ٹی آئی کے حامیوں نے مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے عمران خان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کے نعرے لگائے۔اسی طرح کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا اور ایڈمنٹن البرٹا میں بھی ایک بڑا احتجاج منعقد ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے عمران خان کے حق میں آواز بلند کی۔تمام مظاہروں میں شرکاء کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ مظاہرین نے پی ٹی آئی کے جھنڈے لہراتے ہوئے اور نعرے بلند کرتے ہوئے اپنے رہنما کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور انہیں عوام کی خدمت کا موقع دیا جائے۔ ان کا موقف تھا کہ عمران خان پر سیاسی بنیادوں پر الزامات لگائے گئے ہیں، جو انصاف اور جمہوری اقدار کے منافی ہیں۔یہ مظاہرے پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر اپنی آواز بلند کرنے کی ایک کامیاب کوشش تھے، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ عمران خان کی حمایت ملک کی سرحدوں سے باہر بھی موجود ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.