عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہجوم ہیوسٹن میں نکل آیا
ہیوسٹن(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف نے دنیا کے 62 سے زائد شہروں میں ایک ہی دن احتجاجی مظاہرے کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔امریکی شہر ہیوسٹن میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے اسیر قائد عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی کار ریلی اور مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ہیوسٹن میں مقامی اسٹیڈیم کی پارکنگ سے شروع کی گئی احتجاجی کار ریلی کی قیادت پاکستان کی قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری،پی ٹی آئی امریکہ کے رہنما عاطف خان اور سجاد برکی نے کی۔ریلی کے شرکاء گاڑیوں پر پی ٹی آئی اور پاکستان کے پرچم لہرا رہے تھے۔ریلی میں خواتین اور نوجوانوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستانی سراپا احتجاج ہیں اور یہ احتجاج پی ٹی آئی کے مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں احتجاجی پلے کارڈ اور عمران خان کی تصاویر اٹھائے ہوئے تھے۔احتجاجی مظاہرے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی امریکا کے مرکزی رہنما عاطف خان اور سجاد برکی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا کے 62 شہروں میں عمران خان کی رہائی کیلے پر امن احتجاجی مظاہرے پاکستان کے ارباب اختیار کیلے نوشتہ دیوار ہیں اور پاکستانیوں نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔کار ریلی کا اختتام معروف فوڈ اسٹیٹ بوٹ بیسن پر ہوا جہاں مظاہرین نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور زبردست نعرے بازی کی۔