نومنتخب صدر تارکین وطن کو امریکا سے نکالنے کے عزم پر قائم
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر تارکین وطن کو ملک بدر کرنے اور امریکا کی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلے انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں پر قائم ہیں اور ملک میں غیر قانونی طور پر موجود افراد کو واپس ان کے ملکوں میں بھیجا جائے گا۔ٹرمپ نے کہا کہ یہ قیمت کا سوال نہیں ہے، جب جرائم، قتل اور منشیات گینگ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں تو ایسے لوگوں کو واپس بھیجنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا آنے کے وہ مخالف نہیں بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ قانونی طور پر امریکا آئیں اور قانون کی پاسداری کریں۔امریکی میڈیا کے مطابق، لاکھوں کی تعداد میں تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کے عمل میں حکومت کو شدید معاشی اور نقل و حمل کے مسائل کا سامنا ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانا حکومت کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران غیر قانونی امیگریشن روکنے اور امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملک بدر کرنے کے وعدے کرتے رہے ہیں۔