افغان طالبان کو ٹرمپ کی کامیابی کے بعد امریکا کے ساتھ نئے دور کی امید
افغانستان کی طالبان حکومت نے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کی ہے۔افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقاہر بلخی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ طالبان کو توقع ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ حقیقت پسندانہ اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ترجمان نے کہا کہ طالبان حکومت امید رکھتی ہے کہ امریکی انتخابات کے بعد افغانستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کا ایک نیا اور مثبت باب کھلے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ٹرمپ نے اپنے گزشتہ دور صدارت میں طالبان کے ساتھ امن معاہدے کی قیادت کی تھی جس کے نتیجے میں 2021 میں امریکی فوج کا انخلا ممکن ہوا اور افغانستان میں 20 سالہ غیرملکی قبضہ ختم ہوا۔