ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس نہ چھوڑنے پر اظہارِ افسوس
پینسلوینیا :سابق امریکی صدر اور موجودہ ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں 2020 کے صدارتی انتخابات کے بعد وائٹ ہاؤس نہیں چھوڑنا چاہیے تھا، انہوں نے اپنے حامیوں کو بتایا کہ وہ 2020 کے انتخابی نتائج کو قبول نہیں کرتے تھے اور انہیں یقین تھا کہ انہیں صدر کے عہدے پر برقرار رہنا چاہیے تھا۔پینسلوینیا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنے دورِ اقتدار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے دور میں امریکی سرحدیں انتہائی محفوظ تھیں اور بہت سے معاملات میں ان کی انتظامیہ نے نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے بہت اچھا کام کیا تھا، لیکن آج صورتحال مختلف ہے اور ہر پولنگ بوتھ پر سیکڑوں وکیل موجود ہیں۔2020 کے صدارتی انتخابات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی شکست کو قبول نہیں کیا تھا اور ان انتخابات کے حوالے سے کئی سازشی نظریات کو فروغ دیا تھا۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت ٹرمپ نے اپنے معاونین کو کہا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بجائے جو بائیڈن کو عہدہ سنبھالنے سے روکیں گے۔ ٹرمپ نے اپنے ایک معاون کو کہا تھا کہ میں یہاں سے نہیں جاؤں گا۔واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات 5 نومبر کو ہونے والے ہیں، اور اس بار بھی کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔