نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے موسم گرما 2026 کے لیے مفت "لرن ٹو سوئم” پروگرام کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہر بھر کے 18 آؤٹ ڈور سوئمنگ پولز میں بچوں کو تیراکی سکھائی جائے گی۔
شہری انتظامیہ کے مطابق اس سال پروگرام میں 8 نئے مقامات شامل کیے گئے ہیں، جس کے بعد مفت سوئمنگ کی کلاسوں کے مراکز کی تعداد 10 سے بڑھ کر 18 ہو گئی ہے۔ پروگرام کے تحت 16 ہزار سے زائد شرکاء کو مفت تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ ہر سال تقریباً 19 ہزار بچوں اور نوجوانوں کو آبی تحفظ کی بنیادی مہارتیں سکھائی جاتی ہیں۔مفت کلاسیں 6 جولائی سے 28 اگست تک جاری رہیں گی۔ یہ پروگرام 18 ماہ سے 17 سال تک کی عمر کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے دستیاب ہے۔ رجسٹریشن آن لائن قرعہ اندازی کے نظام کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ منتخب نہ ہونے والے درخواست دہندگان کو ویٹنگ لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔حکام کے مطابق تمام عوامی آؤٹ ڈور سوئمنگ پولز 27 جون کو موسم گرما کے لیے کھول دیے جائیں گے۔