سویڈن نے اعلیٰ تعلیم یافتہ غیر ملکی افراد کے لیے ملازمت تلاش کرنے یا کاروبار شروع کرنے کے مقصد سے خصوصی رہائشی اجازت نامہ متعارف کر رکھا ہے، جس کے تحت اہل امیدوار 9 ماہ تک ملک میں رہ کر روزگار یا کاروباری مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق یہ اجازت نامہ، جسے عام طور پر "ہائی ٹیلنٹ ویزا” کہا جاتا ہے، ایسے افراد کے لیے ہے جو یورپی یونین سے باہر کے ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور اعلیٰ تعلیمی قابلیت رکھتے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت افراد کو سویڈن کی لیبر مارکیٹ اور کاروباری شعبے سے منسلک کرنا ہے۔درخواست گزار کے پاس کم از کم ماسٹرز، ایم فل، پی ایچ ڈی یا اس کے مساوی اعلیٰ تعلیمی ڈگری ہونا ضروری ہے، جو سویڈن کے تعلیمی معیار کے مطابق ہو۔ امیدوار کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ وہ قیام کے دوران اپنے اخراجات برداشت کر سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کم از کم 13 ہزار سویڈش کرونا ماہانہ اور 9 ماہ کے لیے تقریباً 1 لاکھ 17 ہزار سویڈش کرونا کی مالی استعداد دکھانا ضروری ہوگی۔درخواست دہندگان کے پاس مکمل ہیلتھ انشورنس ہونا بھی لازمی ہے، درخواست کی فیس 2,200 سویڈش کرونا مقرر کی گئی ہے۔درخواستیں آن لائن سویڈش مائیگریشن ایجنسی کی ویب سائٹ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔حکام کے مطابق یہ ویزا براہِ راست ملازمت کا اجازت نامہ نہیں ہے۔ اگر امیدوار کو سویڈن میں ملازمت مل جائے تو اسے علیحدہ ورک پرمٹ حاصل کرنا ہوگا، جبکہ کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد کو سیلف ایمپلائیڈ رہائشی اجازت نامے کے لیے درخواست دینا ہوگی۔