ناساؤ کاؤنٹی میں ماسک کے استعمال پر عائد پابندی کا قانون چیلنج
نیویارک کی این جی او نے ناساؤ کاؤنٹی کے قانون کے خلاف عدالت سے رجوع کیا اور حکم امتناع کی استدعا کردی
نیویارک(ویب ڈیسک)ریاست نیویارک کی ناساؤ کاؤنٹی میں عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال پر عائد پابندی کے قانون کو عدالت میں چیلنج کردیا گیا ہے۔درخواست نیویارک کی ڈس ایبلٹی رائٹس این جی او نے دائر کی اور استدعا کی ہے کہ حکام کا اقدام غیر آئینی اور معذور افراد کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے کے برابر ہے دیگر لوگوں کی پرائیوسی متاثر ہورہی ہے لہذا قانون پر عمل درآمد کو روکا جائے فوری طور پر حکم امتناع جاری کیا جائے۔درخواست گزار کا مزیدکہنا ہے کہ کاؤنٹی میں ماسک کے استعمال پر عائدپابندی صحت عامہ کے لیے براہ راست خطرہ ہے اور ریاست کے رائج قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ حقوق کی تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹموتھی اے کلون نے ایک بیان میں کہا کہ قانونی چارہ جوئی میں دو درخواست گزار شامل ہیں جن کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور وہ اپنی جان کی حفاظت کے لیے ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاؤنٹی میں نیا قانون آنے سے انہیں ہراساں کیے جانے اور ممکنہ طور پر گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے کیونکہ درخواست گزاروں کے لیے ماسک کا استعمال لازم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاؤنٹی میں بے شمار لوگ بیماری کی وجہ سے ماسک استعمال کرتے ہیں وہ کاؤنٹی حکام کے فیصلے سے متاثر ہورہے ہیں۔واضح رہے کہ ناساؤ کاؤنٹی حکام نے ماسک کے استعمال پر پابندی عائد کی اور بل منظور کرلیا کہ عوام عوامی مقامات سمیت دیگر جگہوں پر ماسک سے اپنا چہرہ نہیں چھپائیں گئے اور قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو ایک سال قید کی سزا اور1ہزار ڈالرز جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔