نیویارک سٹی پارکس کا ملازم تارکین وطن کو قتل کرنے میں ملوث نکلا
نیویارک پولیس نے شواہد پر مبنی دستاویزات عدالت میں پیش کردئیے اور بتایا کہ ملزم نے متعدد گولیاں چلائی اور تحقیقات کے دوران قتل کا اعتراف بھی کیا
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک پولیس نے 21جولائی کو بروکلین میں قتل ہونے والے تارکین وطن کے مقدمہ میں شواہد پر مبنی دستاویزات عدالت میں جمع کرادئیے ہیں۔جس میں انکشاف ہوا کہ 30سالہ آرٹورو جوز روڈریگوز مارکانو کو نیویارک سٹی پارکس کے آف ڈیوٹی ملازم (ملزم) 23 سالہ ایلیا مچل نے گولیاں مار کر قتل کیا تھا۔متاثرہ شخص کی جان سر پر گولی لگنے سے ہوئی تھی۔نیویارک پولیس نے ملزم کو 29جولائی کے روز کوئنز سے گرفتار کرلیا تھا ۔عدالتی دستاویزات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات 10:40 پر سٹیوبن پلے گراؤنڈ میں ہوا۔فائرنگ کے بعد 30 سالہ آرٹورو جوز روڈریگوز مارکانو کو مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر اسے مردہ قرار دیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ مچل نے مبینہ طور پر متعدد گولیاں چلائیں تھیں،گولیوں کے خول پولیس کی تحویل میں ہیں۔مچل کو قتل، نفرت انگیز جرم کے طور پر قتل،غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت دیگر سنگین الزامات کا سامنا ہے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم نے جرم کے وقت جائے وقوع پر موجود ہونے کا اعتراف کیا اور پولیس تحویل میں جرم قبول کیا۔