vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی محکمہ انصاف کا یونیورسٹی آف کیلیفورنیا پر یہود مخالف ماحول کا مقدمہ

0

امریکی محکمہ انصاف نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے لاس اینجلس کیمپس (یو سی ایل اے) کے خلاف یہودی اور اسرائیلی طلبہ کے لیے مبینہ طور پر نفرت انگیز اور امتیازی تعلیمی ماحول پیدا ہونے پر مقدمہ دائر کردیا ہے۔ 

محکمہ انصاف کے مطابق یونیورسٹی نے نسل اور قومی شناخت کی بنیاد پر ہونے والے امتیازی سلوک کو روکنے میں غفلت برتی، جو 1964 کے سول رائٹس ایکٹ کے ٹائٹل VI کی خلاف ورزی ہے۔محکمہ انصاف کے سول رائٹس ڈویژن کی سربراہ ہرمیت کے دھلن نے کہا کہ اس سے قبل بھی یونیورسٹی پر یہودی اور اسرائیلی ملازمین کے خلاف نفرت انگیز ماحول کے معاملے میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا، جبکہ اب طلبہ کے تحفظ میں ناکامی پر قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق جامعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام طلبہ کے لیے محفوظ اور مساوی تعلیمی ماحول یقینی بنائیں۔محکمہ انصاف کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو حماس حملوں کے بعد یو سی ایل اے میں یہود مخالف واقعات میں اضافہ ہوا، جہاں یہودی اور اسرائیلی طلبہ کو ہراساں کرنے، تشدد کا نشانہ بنانے اور تعلیمی سرگرمیوں سے روکنے کے الزامات سامنے آئے۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2024 میں رائس ہال کے باہر قائم احتجاجی کیمپ کے دوران بعض نقاب پوش مظاہرین نے یہودی اور اسرائیلی طلبہ پر حملے کیے، انہیں مارا پیٹا گیا اور بعض کو اسپرے کا نشانہ بھی بنایا گیا۔عدالتی درخواست میں مزید الزام لگایا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران بعض افراد نے انسانی دیواریں بنا کر یہودی اور اسرائیلی طلبہ کو تعلیمی عمارتوں میں داخل ہونے سے روکا۔ امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی نے وفاقی فنڈنگ کے حصول کے باوجود طلبہ کو امتیازی سلوک سے تحفظ فراہم کرنے کی اپنی قانونی ذمہ داری پوری نہیں کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.