نیویارک میں انڈیا پریڈ سے رام مندر کا فلوٹ ہٹانے کا مطالبہ
انڈین امریکن مسلم کونسل سمیت دیگر عقیدوں کے رہنماؤں نے پریڈ منتظمین اور حکام سے رابط،ہندؤں نے فلوٹ ہٹانے کا مطالبہ مسترد کردیا ۔حکام نے سیکورٹی سخت کردی
نیویارک:نیویارک شہر میں اتوار کی آنے والی انڈیا ڈے پریڈ میں رام مندر کا فلوٹ متنازعہ بن گیا ہے ۔مسلم کمیونٹی سمیت دیگر عقیدوں کو تحفظات لاحق ہیں لیکن پریڈ منتظمین نے سب کے تحفظات کو مسترد کردیا اور کہا کہ رام مندر کا فلوٹ پریڈ میں رہے گا۔اسے کسی صورت ہٹایا نہیں جائے گا۔پریڈ میں بالی وڈ کے ستارے بھی شامل ہیں۔نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں ہندو رام مندر کی تعمیر کے حوالے سے جشن منارہے ہیں ۔یہ رام مندر وہی ہے جو انڈیا میں بابری مسجد کی جگہ بنایا گیا ہے۔انڈین امریکن مسلم کونسل اور دیگر عقیدے پر مبنی گروپوں نے پریڈ کے منتظمین سے رام مندر کی خاصیت والے فلوٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مندر کو جنوبی ایشیائی ملک میں تاریخی مسجد کی تباہی اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔انڈیا میں 200 ملین سے زائد مسلمان آباد ہیں جو اکثر ہندو قوم پرستوں کے حملوں کی زد میں آتے رہتے ہیں۔مذکورہ تنظیم و دیگر نے نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل اور نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز کو ایک خط میں لکھا تھا۔جس میں کہا گیا یہ محض ثقافتی نمائش نہیں ہے بلکہ مسلم دشمنی، تعصب اور مذہبی بالادستی کا ایک بیہودہ جشن ہے۔پریڈ کے منتظمین نے فلوٹ کو ہٹانے کے مطالبے کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ ایک مقدس نشان ہے جو تاریخی مندر کے افتتاح کا جشن مناتا ہے جو کروڑوں ہندؤں کے لیے اہم ہے۔فیڈریشن آف انڈین کے چیئرمین انکر ویدیا نے کہا کہ جب ہم اپنے عقیدے کا ایک اہم پہلو مانتے ہیں، تو ہم کسی بھی شکل میں تشدد اور نفرت کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں،ہم مذہبی عبادت گاہ کو پہنچنے والے نقصان کے خلاف بھی ہیں۔مذکورہ ایسوسی ایشن نے ہی اس پریڈ کا اہتمام کیا ہے ۔ایسوسی ایشن نے پریڈ کو ہندوستان کے ثقافتی ورثے کے طور پر پیش کیا ہے جس میں نہ صرف ہندو بلکہ مسلم، سکھ اور عیسائی عقائد کی نمائندگی کرنے والے فلوٹس برسوں سے شریک ہیں۔ویدیا نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ اس سال کی پریڈ کا تھیم واسودیو کٹمبکم ہے یہ ایک سنسکرت جملہ ہے جس کا ترجمہ ہے کہ دنیا ایک خاندان ہے۔مین ہٹن کے میڈیسن ایونیو پر ہونے والے جشن میں بالی ووڈ کی مشہور شخصیات اور ہندوستانی کھیلوں کے ستارے بھی دیکھنے میں نظر آئے ہیں۔بھارت کے شہر ایودھیا میں ایک طویل قانونی جنگ کے بعد 2020 میں رام مندر کی بنیاد پڑی ۔یہ مندر 16ویں صدی کی بابری مسجد کے ملبے کے اوپر بنایا گیا تھا، مسجد کو 1992 میں ہندو قوم پرست ہجوم نے تباہ کر دیا تھا۔مئیر ایڈمز کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ایڈمز نے کہا کہ اس شہر میں نفرت کی گنجائش نہیں ہے۔