نیوجرسی: یہودی تنظیم کو دھمکیاں دینے والا شخص فردِ جرم عائد ہونے کے بعد عدالت طلب
امریکی محکمۂ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ ریاست نیوجرسی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص پر نیویارک میں قائم ایک یہودی تنظیم کو دھمکیاں دینے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق 34 سالہ کیمرون پیٹرسن، جو نیوارک، نیوجرسی کا رہائشی ہے، پر الزام ہے کہ اس نے 6 اکتوبر 2024 کو نیویارک میں قائم ایک یہودی غیر منافع بخش تنظیم کو تین ای میلز بھیجیں جن میں جسمانی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔عدالتی دستاویزات کے مطابق دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کے بعد متعلقہ افراد خوفزدہ ہو گئے اور انہوں نے فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دی۔ بعد ازاں تحقیقات کے دوران ملزم کے آئی کلاؤڈ اکاؤنٹ کی تلاشی لی گئی جہاں سے تشدد، فائرنگ کے واقعات اور دھمکیوں سے متعلق متعدد تصاویر اور مواد برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق ملزم کو پہلے شکایت کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں رہا کر دیا گیا تھا، جبکہ اب اس پر باقاعدہ فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ ملزم کی عدالت میں پیشی کی تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر الزام ثابت ہو گیا تو ملزم کو پانچ سال تک قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔