نیویارک میں پاکستانیوں کا کینسر کیئر اسپتال لاہور کے لیے2لاکھ ڈالرکا عطیہ
اسپتال کی تعمیر آئندہ چار سے پانچ سال میں مکمل ہوجائے گی،احتشام قاضی
لاہور میں قائم ہونے والے کینسر کیئر اسپتال کی تعمیر کے لیے نیویارک میں مقیم پاکستانیوں نے 2 لاکھ ڈالر کے عطیات جمع کروادئیے ہیں۔لاہور میں قائم کینسر کیئر اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کے لیے نیویارک کے مقامی ریسٹورانٹ میں منعقدہ سالانہ فنڈریزنگ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک سے ہوا۔فنڈ ریزنگ تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی،سماجی اور کاروباری شعبےسے وابستہ نمایاں شخصیات شریک تھیں،اس موقع پر دو کمسن بچیوں نے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا۔تقریب کی نظامت اطہر ترمذی کررہے تھے جنھوں نے مہمانوں کا مختصراً تعارف بھی کروایا،اسپتال میں علاج و معالجے کی فراہمی سے متعلق معلومات سے بھرپور تعارفی رپورٹ بھی دکھائی۔کینسر کیئر اسپتال کے امریکا کے لیڈ کو آرڈینیٹر احتشام قاضی اور بانو قاضی نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ اسپتال کی 60 فیصد تعمیر مکمل ہوگئی ہے بقیہ40 فیصد تعمیر آئندہ چار سے پانچ سال میں مکمل ہوجائے گی،یہ اسپتال سرطان کے مریضوں کے لیے اُمید کا روشن چراغ ہے۔نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور حاضرین سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خدمتِ خلق میں پاکستانیوں کا دل سمندر کی مانند ہے۔فنڈ رزیرنگ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیمو ں کے سربراہان اور عہدیداران بھی بڑی تعداد میں نہ صرف شریک ہوئے بلکہ انھوں نے اسپتال کے لیے دل کھول کر عطیات بھی جمع کروائے۔تقریب میں اسپتال کی مرکزی ٹیم کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شہریار اور اسپتال کی ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر غزالہ طارق نے شرکاء کو اسپتال کی کارکردگی اور مختلف شعبہ جات میں دستیاب طبی سہولتوں سے متعلق آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سو بستروں پر مشتمل نئی عمارت زیر تعمیر ہے اور 62 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی مشین بھی خریدی جارہی ہے۔اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم اوورسیز پاکستانی اپنے ہم وطنوں کے لیے جوکچھ کرتے ہیں،اس میں ہمارا کوئی کمال نہیں بلکہ یہ ہمارا فرض ہے کہ اپنے ملک اور قوم کو کچھ واپس دیں ۔اسپتال میں زیر تعمیر منصوبوں کی تعمیر و تکمیل کے لیے امریکا کے دیگر شہروں میں مقیم کئی مخیر شخصیات نے بھی عطیات بھیجے جبکہ مساجد و اسلامک سینٹرز نے بھی اس کارِخیر میں بھرپور تعاون کیا ہے ۔