vosa.tv
Voice of South Asia!

کے پی 5چینی باشندے جاں بحق،تربت 4حملہ آور ہلاک

0

پاکستان میں دہشت گردی کے دو بڑے واقعات رونما ہوئے،کے پی میں5چینی باشندوں کو قتل کیا گیا جبکہ بلوچستان تربت میں 4حملہ آور مارے گئے۔کے پی کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر ایک گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور نے بتایا ہے کہ خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی ہے۔انہوں نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں 5 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور نے بتایا ہے کہ چینی انجینئرز اسلام آباد سے داسو کیمپ جا رہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ چینی مسافروں کی گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے جسے دیگر زخمیوں کے ساتھ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب تربت میں دہشت گردوں کی پاک بحریہ کے ایئر بیس پی این ایس صدیق پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اثاثوں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے بر وقت اور مؤثر جواب نے حملہ ناکام بنایا۔آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بحری دستوں کی مدد کے لیے ارد گرد موجود سیکیورٹی فورسز کو فوری متحرک کیا گیا، مسلح افواج کی جانب سے ہم آہنگ مؤثر جواب دیتے ہوئے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔چار حملہ آوروں کو مار دیا گیا۔تربت میں ایئر بیس پی این ایس صدیق پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی بلوچستان کے 24 سالہ سپاہی نعمان فرید شہید ہوئے، جن کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُر عزم ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.