ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
کینیڈین پولیس کی جانب سے خالصتان کے حامی ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی گئی ہے۔ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کرنے سے قبل حملہ آوروں نے اس کی گاڑی کا تعاقب کیا اور فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ خالصتان کے حامی سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کو گزشتہ سال 18 جون کو قتل کر دیا گیا تھا۔ کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں 6 حملہ آور ملوث تھے۔کینیڈا نے خالصتان کے حامی سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا ذمہ دار ہندوستانی خفیہ ایجنسیوں کو ٹھہرایا تھا۔ کینیڈین حکومت کے اس الزام پر ہندوستانی حکومت نے سخت ردعمل دیا تھا۔وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ہمارا براہ راست یا بالواسطہ کسی بھی واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہردیپ کے قتل کو نو ماہ گزر چکے ہیں، مگر کینیڈین پولیس نے تاحال اس قتل سے متعلق کسی ملزم کی تصویر جاری نہیں کی۔ تاہم اطلاع ملی کہ دو ملزمان کو شناخت کرلیا گیا ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ دونوں مشتبہ افراد پولیس کی نگرانی میں ہیں اور توقع ہے ان دونوں کو چند ہفتوں کے دوران حراست میں لے لیا جائے گا۔