غزہ میں 104 فلسطینی اموات کی اطلاعات کی جانچ کررہے ہیں،بائیڈن
غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے انسانی امداد کے ٹرکوں سے خوراک لینے کی کوشش کرنے والوں پر فائرنگ سے مرنے والے کم از کم 104 فلسطینیوں کے بارے میں مختلف اطلاعات ملی ہیں، امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ امریکی حکام اس حملے کے بارے میں ملنے والی متضاد اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں۔غزہ کے اسپتال کے حکام نے ابتدائی طور پر شہر کے مغربی حصے میں النبوسی چوک پر ایک ہجوم پر اسرائیلی حملے کی اطلاع دی۔ عینی شاہدین نے بعد میں بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے اس وقت فائرنگ کی جب لوگ ٹرکوں سے آٹا اور ڈبہ بند سامان نکال رہے تھے۔اسرائیلی حکام نے تسلیم کیا کہ فوجیوں نے فائرنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ ان کے خیال میں امدادی ٹرکوں کی طرف بھاگنے والے لوگوں سے خطرہ لاحق تھا۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے بھی اسی طرح کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والے بہت سے لوگوں کو ٹرکوں نے اس وقت کچل دیا تھا جب ہجوم نے ٹرکوں کو لوٹنے کے لیے دھکم پیل کی۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ یہ واقعہ یرغمالوں کی رہائی کے ایک معاہدے کے حصے کے طور پر عارضی جنگ بندی سمیت، غزہ میں انسانی ہمدردی کی امداد کو بڑھانے اور امداد کی ترسیل کو برقرار رکھنے کی ہنگامی نوعیت کو اجاگر کرتا ہے۔