سعودی عرب میں کلچر سے آگاہی کے لیے بسنت میلے کا انعقاد
بڑی تعداد میں لوگوں نے اہلخانہ کے ساتھ شرکت کی،دیسی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوئے
سعودی عرب کے ساحلی شہر دمام میں پتنگ فیسٹیول بسنت جشن بہاراں کا پروقار انعقاد کیا گیا جس میں پورے سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک سے شائقین پتنگ نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔جشن بہاراں ایک فیملی فیسٹیول بن گیا جس میں دیسی کھانوں کے اسٹالوں کی خوشبو ہر طرف پھیلی ہوئی تھی پتنگ فیسٹیول کے چیف آرگنائزر عمران صدیقی , اور محمد ایاز کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں ایسے کلچرل تہوار ہونے چاہیے تاکہ ہماری نوجوان نسل کو اپنے کلچر اور ثقافت سے آگاہی ہو۔ ایسے تہواروں سے لوگ اہلخانہ کے ساتھ لطف اندوز ہوتے ہیں ۔پتنگ فیسٹیول میں پاکستانی کمیونٹی کے اکابرین مرزا ریاض بیگ ، منشا طاہر اور دیگر کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں ایسے تفریحی پروگرامز سے پاکستانی نوجوانوں اور فیملیز کو بھرپور تفریح کے مواقعے میسر آتے ہیں۔ جس سے دیس کی دوری کے احساس میں کمی آتی ہے۔