ہنر مند افراد کے لیے نیویارک پولیس میں مراعات کے ساتھ ملازمت کے مواقع
پولیس افسر، اسکول سیفٹی ایجنٹس،ٹریفک ایجنٹس،کمیونی کیشن ٹیکنیشن ،آٹو مکینک،مکینیکل انجینئراور اکاؤنٹنٹ سمیت کئی شعبوں میں بھرتیاں شروع،
نیویارک :امریکا کی سب سے بڑی پولیس فورس نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے مختلف شعبوں میں نئی بھرتیاں شروع کردی ہیں۔این وائے پی ڈی کے چیف پرسنل جان بینوائے کہتے ہیں کہ نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ ایک ایسا ادارہ ہے جہاں مختلف ہنر مند افراد کے لیے بھی ملازمت کے وسیع مواقع ہیں۔ٹریفک پولیس ایجنٹ کی ملازمت کے لیے امریکی شہری ہونا ضروری نہیں۔درخواست جمع کرانے کے بعد بھرتی سے متعلق ابتدائی مراحل 6 ہفتوں میں مکمل ہوجاتے ہیں۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کم و بیش 48 ہزار ملازمین ہیں جن میں باوردی اہلکارو افسران کی تعداد 32 ہزار جبکہ تکنیکی اور غیر تکنیکی مختلف شعبہ جات میں16 ہزار سویلین بھی تعینات ہیں۔نیویارک شہر کا محکمہ پولیس پاکستانی ،انڈین،بنگلہ دیشی سمیت دیگر قومیتوں کے باشندوں پر مبنی ایک گلدستے کی مانند ہے۔بنگلہ دیشی کمیونٹی کے ارپن سنگھا بھی ان ہی میں سے ایک ہیں جو کرمنل جسٹس کی ڈگری لے کر پولیس میں آئے اور آفیسر بنے۔ ارپن سنگھا کا کہنا ہے کہ اس ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت اور ترقی کے جس قدر مواقع ہیں شاید ہی کسی اور ادارے میں ہوں۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے پولیس آفیسرز،اسکول سیفٹی ایجنٹس،ٹریفک ایجنٹس،کمیونی کیشن ٹیکنیشن سمیت آٹو مکینک،مکینیکل انجینئر،اکاؤنٹنٹ سمیت کئی شعبوں میں شمولیت اختیارکرکے31 ہزار سے1 لاکھ ڈالر تک تنخواہ حاصل کرسکتے ہیں۔