اسرائیل نے حزب اللہ پر جنگ مسلط کرنے کی حماقت کی تو بھیانک خمیازہ بھگتنا پڑے گا،حسن نصراللہ
امریکا دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے کے بجائے اسرائیل کو جنگ بندی پر راضی کرے، حسن نصر اللہ کا عوامی اجتماع سے خطاب,لبنان کے دارلحکومت بیروت میں مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد پہلی بار عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی اور فلسطینی شہیدوں کے اہلخانہ کو رتبہ شہادت حاصل کرنے پرمبارکباد اور تعزیت پیش کرتے ہیں۔ شہدا کا رتبہ منفرد رتبہ ہوتا ہے، صرف مسلمان ہی اس رتبے کو سمجھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طوفان اقصیٰ کی جنگ وسیع تر ہوکر مختلف محاذوں اور میدانوں تک پہنچ گئی، اسرائیل کےخلاف طوفان الاقصیٰ کی جنگ انسانی، اخلاقی اور دینی اعتبار سے جائز اور حق کی جنگ ہے۔ اسرائیل کے خلاف جاری جنگ کی اخلاقی اور شرعی حیثیت پر ذرہ بھر بھی شبہ نہیں۔ان کا کہنا تھاکہ طوفان الاقصیٰ فلسطینی مزاحمتی گروپ القسام بریگیڈز کا کامیاب کارنامہ ہے۔حسن نصراللہ کا کہنا تھاکہ امریکا ہی موجودہ جنگ کو روک سکتا ہے کیونکہ یہ اس کی اپنی جنگ ہے، امریکا دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے کے بجائے اسرائیل کو جنگ بندی پر راضی کرے۔واضح رہے کہ حزب اللہ طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوسرے روز سے اسرائیل کےخلاف جنگ میں شریک ہے۔