vosa.tv
Voice of South Asia!

برلن کے کارنیول آف کلچرز میں پاکستانی ثقافت کے رنگ، فنکار تنظیم کی شاندار دھمال

0

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں وِٹ سن 2026 کے موقع پر منعقدہ “کارنیول آف کلچرز” کی 30ویں سالگرہ کے رنگا رنگ میلے میں پاکستانی تنظیم “فنکار” نے پہلی بار شرکت کرتے ہوئے پاکستانی ثقافت کے دلکش رنگ دنیا کے سامنے پیش کیے۔

 پاکستانی نوجوانوں نے چاروں صوبوں کے ثقافتی لباس پہن کر دھمال اور بھنگڑے سے میلے کا ماحول گرما دیا اور شرکاء کی بھرپور داد سمیٹی۔برلن میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی ثقافتی میلے میں دنیا بھر کی 67 تنظیموں نے اپنی ثقافتی روایات اور فن کا مظاہرہ کیا، جبکہ پاکستانی تنظیم “فنکار” کی پرفارمنس کو خاص طور پر خوب سراہا گیا۔ مختلف روٹس پر مقامی میوزک اور پاکستانی دھنوں کے ساتھ پیش کی جانے والی دھمال نے میلے میں موجود لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔فنکار تنظیم کے بانی شہریار احمد نے 60 سے زائد شرکاء کو مختلف گروپس میں تقسیم کرکے خصوصی تربیت فراہم کی۔ طلبہ، طالبات، ینگ پروفیشنلز اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے روایتی لباس پہن کر علاقائی موسیقی پر شاندار پرفارمنس پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔کارنیول منتظمین نے پاکستانی گروپ کی شرکت اور شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 30 سالہ تاریخ میں پاکستانی ثقافت کی ایسی بھرپور نمائندگی پہلی بار دیکھنے میں آئی ہے۔ منتظمین کے مطابق بہترین پرفارمنس دینے والے گروپس کو اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔فنکار تنظیم کے بانی شہریار احمد کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ یورپ بھر میں پاکستان کا مثبت اور خوبصورت تشخص اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ برسوں میں مزید بہتر انداز میں پاکستانی ثقافت اور فن کو عالمی سطح پر پیش کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.