vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستان سرمایہ کاری کے لیےمکمل طور پر تیار ہے: مسعود خان

0

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ہم امریکہ اور خلیجی خطے سے سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں ۔ چین پہلے ہی سی پیک منصوبوں کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ ہم نے خلیجی ممالک کو کان کنی ، معدنیات ، تیل و گیس اور زراعت کے شعبہ جات میں شرکت کی دعوت دی ہے اور وہ کئی یورپی اور شمالی امریکہ کی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کر رہے ہیں۔ اس سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ چونکہ ملک میں بنیادی ڈھانچہ موجود ہے اس لیے اس مارکیٹ سے مستفید ہوں۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرمایہ کاری میں تاخیر نہ کریں اور پورے اعتماد کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔
سفیر پاکستان نے یہ بات ڈیلاس (ٹیکساس) میں پاک امریکہ بزنس فورم کی سالانہ ایوارڈ ضیافت کے موقع پر کہی۔


سفیر پاکستان نے چیئرمین پی اے بی ایف وقار خان، صدر انور اعظم اور پی اے بی ایف کے دیگر اراکین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں موقع فراہم کیا کہ وہ ملک کے کاروباری امکانات کو اجاگر کر سکیں۔ انہوں نے ٹیکساس ریاستی اسمبلی کے نمائندے سلمان بھوجانی، رچرڈسن شہر کے میئر باب دوبے، شمس العارفین، عبدالخبیر اور دیگر کی موجودگی کو بھی سراہا۔
معروف تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ 80 امریکی کاروباری اداروں کی موجودگی سے پاکستان میں پہلے سے ہی پاکستانی امریکی سرمایہ کاری کے لیے ایک وسیع انفراسٹرکچر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے پاکستان میں اب اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے اور پاکستان میں اس کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔
کاروباری اور سرمایہ کاری سرگرمیوں کو منظم کرنے کی غرض سے سفیر پاکستان نے تجویز پیش کی کہ کاروباری معاملات کے حوالے سے خواہ وہ پاکستان میں ریگولیٹری کا نظام ہو ، کاروبار کرنے کی آسانیوں کے حوالے سے معاملات ہوں ، منافع کی واپسی ترسیل ہو، ان کے حوالے سے ٹیکساس ، ڈیلاس یا کسی اور شہر میں ایک فورم قائم کی جائے جہاں ان معاملات کے حوالے سے منظم طریقے سے کام کیا جا سکے۔
سفیر پاکستان نے ملک میں کان کنی، معدنیات، ٹیک اسٹارٹ اپ، زراعت، تعلیم، صحت، فارماسیوٹیکل، ڈائیگناسٹک، بائیو ٹیکنالوجی جیسے شعبہ جات کو اجاگر کیا کہ جو دنیا بھر سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو بہت زیادہ منافع کی پیشکش کر رہے ہیں۔
پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہائیوں پر محیط شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر نے مشاہدہ کیا کہ پاکستان نے اپنے ابتدائی مرحلے میں ہی امریکہ کو اپنا دوست منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ امریکہ نے بھی پاکستان کا انتخاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں جوں پاکستانی امریکہ آتے ہیں اس سے پاکستان کی ترقی کے عمل میں فائدہ ہوتا ہے۔ پاکستانی امریکی کمیونٹی پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم صلاحیت کا حامل ملک ہے۔ ہم انشا اللہ دنیا کی پہلی دس معیشتوں اور مضبوط ترین ممالک میں شامل ہوں گے۔ یہ نہ صرف ہماری قیادت کا بلکہ پاکستانی عوام کا عزم ہے۔
انہوں نے سامعین سے کہا کہ وہ ملک کے بارے میں تمام منفی چہ میگوئیوں کو مسترد کر دیں۔ انہیں ذاتی طور پر ملک کا دورہ کرنے اور اس کی صلاحیت کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ ملک کا متوسط طبقہ 82 ملین سے زائد افراد پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کئی شعبوں میں ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے حاضرین کو یقین دلایا کہ ملک ماضی کی طرح موجودہ چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو کر ابھرے گا۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کی غیر متزلزل حمایت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکن ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ وہ اپنی سرمایہ کاری اور مثبت شراکت سے پاکستان اور اس کی معیشت کی حمایت جاری رکھیں گے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ میں تقریباً 10 لاکھ پاکستانیوں کی موجودگی ایک خاطر خواہ تعداد ہے۔ وہ اپنے آپ کو ایک کمیونٹی کے طور پر پیش کریں اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان بندھن کو مزید مضبوط بنائیں۔


اپنی بنیاد سے منسلک رہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں: مسعود خان کا امریکہ میں سمندر پار پاکستانیوں کو پیغام
سفیر پاکستان کی کانگریس مین کیتھ سیلف سے بھی ملاقات۔ عوامی روابط کے فروغ پر زور
ڈلاس ٹیکساس، 11 ستمبر 2023:
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے کہا ہے کہ وہ اپنی بنیاد سے منسلک رہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب متحد ہونے کا وقت ہے ، مادر وطن کی حمایت کریں اور اس منفیت کو مسترد کریں جو مایوسی پیدا کرنے کے لیے پھیلائی جا تی ہے۔ اگر ہم تقسیم ہو گئے تو ہم کمزور پڑ جائیں گے ۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ ہم مل کر اسے دنیا کی صف اول کی معیشت اور مضبوط ترین قوموں میں سے ایک قوم بنانے کی منزل تک لے جائیں گے۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ باتیں ڈیلاس ٹیکساس میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنما ڈاکٹر راؤ کامران علی کی رہائش گاہ پر پاکستانی نژاد امریکیوں سے بات چیت کے دوران کہی ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے پاک امریکہ تعلقات میں بتدریج بہتری اور مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ سطحی ڈائیلاگ جیسی مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون دوطرفہ تعلقات کا سب سے اہم جزو اور باہمی رشتوں کا مضبوط ترین بندھن ہے۔ انہوں نے امریکہ کے مختلف تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں 8500 سے زائد پاکستانی طلباء کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی طلباء کی تعداد کو دوگنا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے سائنس ، ریاضی انجنیئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستانی طلباء کو تعلیمی مواقعوں کی فراہمی اور اس کے مثبت اثرات کا خصوصی ذکر کیا۔
مسعود خان نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی امریکہ اور پاکستان میں خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور دوطرفہ تعلقات پر اس کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔
سفیر پاکستان نے امریکہ کے سیاسی افق اور پبلک سیکٹر میں پاکستانی امریکن ککے بڑھتے ہوئے کردار کا بھی ذکر کیا۔
کمیونٹی رہنماؤں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے معدنیات، کان کنی، تیل اور گیس، تعلیم، صحت، فارماسیوٹیکل، بائیو ٹیکنالوجی اور معیشت کے دیگر شعبہ جات کا ذکر کیا جہاں منافع بخش کاروبار کے یقینی مواقع موجود ہیں۔
قبل ازیں سفیر پاکستان نے امریکی ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے رکن کانگریس مین کیتھ سیلف سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے رکن کانگریس کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبہ جات بالخصوص زراعت، توانائی، آئی ٹی اور سیمی کنڈکٹرز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
تیل اور گیس جیسے روایتی توانائی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ قابل تجدید توانائی جیسے شعبہ جات میں ٹیکساس کی برتری کا ذکر کرتے ہوئے مسعود خان نے پاکستان کے توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے اور انرجی سیکیورٹی کے حوالے سے ان شعبوں میں قریبی تعاون کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے آئی ٹی سیکٹر اور ٹیکساس کے مضبوط ٹیک سیکٹر بشمول سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے مابین تعاون کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران مسعود خان نے ٹیکساس میں پاکستانی نژاد شہریوں کی جانب سے پاکستان اور امریکہ کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سرانجام دی جانے والی خدمات کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا۔


انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے عوامی روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
کانگریس مین کیتھ نے ٹیکساس میں سفیر پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرنے کے لیے ان کے اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
علاوہ ازیں سفیر پاکستان نے بطور مہمان خصوصی نامور پاکستانی مصور صادقین کے فن پاروں کی نمائش میں بھی شرکت کی جس کا اہتمام صادقین فاؤنڈیشن، صادقین گیلری شکاگو اور اردو گھر ڈیلاس کی جانب سے کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.