ریاض میں پاکستانی فلم پروڈیوسر شعیب سلطان کے اعزاز میں تقریب
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں نامور پاکستانی فلم پروڈیوسر شعیب سلطان کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز ادبی، سماجی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے شعیب سلطان کی خدمات، فنی صلاحیتوں اور تخلیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
نامور شاعر سید طیب رضا کاظمی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایوارڈ یافتہ فلم ’گنجل‘ کے پروڈیوسر شعیب سلطان نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی نمائش کے وسیع امکانات موجود ہیں، جو دونوں ممالک کے ثقافتی روابط کے فروغ اور پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستان کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو سعودی تفریحی صنعت سے منسلک کرنے کے ساتھ دونوں ممالک کے فنکاروں اور تخلیق کاروں کے درمیان اشتراک کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔اس موقع پر سید طیب رضا کاظمی، قاضی اسحاق میمن، خالد رانا، عدنان بٹ، احسن عباسی، وقار نسیم وامق اور دیگر مقررین نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شعیب سلطان جیسے باصلاحیت اور تجربہ کار فلم پروڈیوسر پاکستانی سنیما کا قیمتی سرمایہ ہیں اور فلم و ڈرامہ انڈسٹری کو ان کی صلاحیتوں اور تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔