vosa.tv
Voice of South Asia!

بے رج منور میں بین المذاہب تھینکس گیونگ ڈنر کا انعقاد، مختلف کمیونٹیز کا اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام

0

نیویارک کے علاقے بروکلین میں بے رج منور کے زیرِ اہتمام بین المذاہب تھینکس گیونگ ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب، ثقافتوں اور کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب میں اتحاد، محبت، باہمی احترام، مذہبی ہم آہنگی اور خدمتِ خلق کے فروغ پر زور دیا گیا۔

پروگرام کا آغاز اللہ تعالیٰ کے بابرکت نام سے کیا گیا۔ منتظمین نے قرآن کریم کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو مختلف قوموں اور قبیلوں میں اس لیے پیدا کیا تاکہ وہ ایک دوسرے کو پہچانیں۔ انسان کی اصل فضیلت کا معیار تقویٰ ہے۔بے رج منور کے نمائندے نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی تقریب ہے جسے ہر سال منعقد کرنے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب، ثقافتوں اور کمیونٹیز کے افراد کی شرکت اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے اور ہمارا اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں باہمی احترام، تعاون، ہمدردی اور خدمتِ خلق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط کمیونٹی وہی ہوتی ہے جہاں ہر فرد اور خاندان کو اپنائیت اور حمایت حاصل ہو۔ اس موقع پر مسٹر علی السعیدی کی خدمات کو سراہا گیا، جبکہ ایک خاتون مقرر نے تقریب کے انعقاد میں ماری کی کاوشوں کی خصوصی تعریف کرتے ہوئے تمام شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی اتحاد اور تعاون کے ذریعے کمیونٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔تقریب میں شرکاء کے لیے روایتی تھینکس گیونگ بوفے ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کے انعقاد میں الفادیلہ کمیونٹی سروسز، برانچز اسٹریٹیجک گروپ، بخاری کمیونٹی سینٹر، الجالیہ الیمنیہ آف نیویارک، قہوہ ہاؤس، ایحا، گرین ہینڈز ورلڈ، کیان، استنبول بے ریسٹورنٹ اور ہُوسومے سمیت مختلف اداروں نے تعاون کیا۔آخر میں تھینکس گیونگ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.