نیویارک: کرپٹو کرنسی فراڈ کیس کا بڑا فیصلہ، کمپنی کے بانی جوڑے کو13.6ملین ڈالرسے زائد ادائیگی کا حکم
نیویارک (نیوزڈیسک) کرپٹو کرنسی فراڈ کے خلاف بڑی عدالتی کارروائی، اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے لاکھوں سرمایہ کاروں کو مبینہ طور پر دھوکا دینے والی کمپنی نووا ٹیک ایف ایکس کے خلاف مقدمے میں اہم کامیابی حاصل کر لی۔ عدالت نے کمپنی کے بانی جوڑے سنتھیا اور ایڈی پیٹیون کو 13.6ملین ڈالر سے زائد ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ متاثرین میں 11 ہزار نیویارک کے شہری بھی شامل ہیں
نیویارک میں کرپٹو کرنسی کے نام پر سرمایہ کاری کے بڑے فراڈ کے خلاف اہم عدالتی فیصلہ سامنے آ گیا۔نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کے مطابق کرپٹو کرنسی ٹریڈنگ کمپنی نووا ٹیک ایف ایکس کے بانی سنتھیا اور ایڈی پیٹیون کو 13.6ملین ڈالر سے زائد رقم ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق کمپنی نے دنیا بھر میں لاکھوں سرمایہ کاروں کو غیر معمولی منافع کا لالچ دے کر ایک مبینہ پونزی اسکیم میں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا، جس سے ہزاروں خاندان متاثر ہوئے۔اس فراڈ سے متاثر ہونے والوں میں نیویارک کے تقریباً 11 ہزار شہری بھی شامل ہیں۔تحقیقات کے مطابق کمپنی نے بالخصوص ہیٹی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن خاندانوں کو نشانہ بنایا۔ انہیں مذہبی اور سماجی اجتماعات، سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیا اور بھاری منافع کے وعدے کیے گئے۔
تاہم حکام کے مطابق سرمایہ کاری کے نام پر جمع کی گئی رقم کے حوالے سے سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں اور یہ کاروبار ایک غیر قانونی مالیاتی اسکیم ثابت ہوا۔یہ مقدمہ جون 2024 میں دائر کیا گیا تھا۔ اگست 2025 میں بانی جوڑے کے ملک چھوڑنے کے بعد عدالت نے ان کی عدم موجودگی میں یک طرفہ فیصلہ سنایا۔عدالت نے دونوں کو سیکیورٹیز، کموڈیٹیز اور کرپٹو کرنسی کی صنعت میں کام کرنے سے بھی روک دیا۔اس سے قبل اسی اسکیم میں ملوث چار دیگر افراد سے تقریباً 6 ملین ڈالر کی رقم بھی حاصل کی جا چکی ہے، جبکہ انہیں متعلقہ مالیاتی شعبوں میں کام کرنے سے مستقل طور پر روک دیا گیا تھا۔