بچوں کی حفاظت کے لیے نیویارک کا بڑا فیصلہ، اے آئی چیٹ بوٹ کھلونوں پر پانچ سالہ پابندی
نیویارک (نیوزڈیسک) گورنر کیتھی ہوکل نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے چیٹ بوٹ کھلونوں کی تیاری، فروخت اور تقسیم پر پانچ سالہ پابندی کے قانون پر دستخط کر دیے۔ حکام کے مطابق بعض اے آئی کھلونے بچوں سے نامناسب گفتگو کرنے، ان کی آواز ریکارڈ کرنے اور چہرے اسکین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی پر یومیہ 15 ہزار ڈالر تک جرمانہ ہو سکے گا۔
بچوں کے کھیلنے کے کھلونے اب مصنوعی ذہانت کے ذریعے گفتگو بھی کرنے لگے، لیکن یہی جدید ٹیکنالوجی بچوں کی حفاظت اور پرائیویسی کے حوالے سے نئے خدشات بھی پیدا کر رہی ہے۔امریکی ریاست نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے اے آئی چیٹ بوٹ سے لیس کھلونوں کی تیاری، تقسیم اور فروخت پر پانچ سالہ پابندی عائد کرنے کے قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔
نئے قانون کے تحت ایسے گڑیا، روبوٹ اور نرم کھلونے نیویارک میں فروخت نہیں کیے جا سکیں گے جو انٹرنیٹ کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی مدد سے بچوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہیں۔گورنر کیتھی ہوکل کے مطابق اس اقدام کا مقصد بچوں کو نامناسب گفتگو، جذباتی استحصال اور ذاتی معلومات کے ممکنہ غلط استعمال سے محفوظ رکھنا ہے۔اس قانون کی ضرورت اس وقت مزید واضح ہوئی جب صارفین کے حقوق سے متعلق ایک قومی ادارے کی جانب سے 3 سے 12 سال کے بچوں کے لیے تیار کردہ بعض اے آئی کھلونوں کی جانچ میں تشویش ناک انکشافات سامنے آئے۔
تحقیقات کے مطابق بعض کھلونے بچوں سے جنسی نوعیت کے موضوعات پر گفتگو کر سکتے تھے، جبکہ کچھ بچوں کو گھر میں ماچس اور دیگر اشیا تلاش کرنے کی رہنمائی بھی دیتے تھے۔کچھ کھلونوں کے بارے میں یہ بھی سامنے آیا کہ جب بچے گفتگو ختم کرتے تو وہ ناراضی کا اظہار کرتے تھے، جبکہ بعض میں والدین کے لیے مؤثر کنٹرول کی سہولت بھی موجود نہیں تھی۔مزید تشویش ناک بات یہ ہے کہ کچھ اے آئی کھلونوں میں بچوں کی آواز ریکارڈ کرنے اور چہرے اسکین کرنے کی صلاحیت بھی پائی گئی۔قانون کے تحت خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو ہر خلاف ورزی پر یومیہ 15 ہزار ڈالر تک سول جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
قانون پر عمل درآمد اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کا دفتر یقینی بنائے گا۔یہ قانون دستخط کے 90 روز بعد نافذ ہوگا، اس لیے حکام نے والدین کو موجودہ تعطیلات کے سیزن میں اے آئی کھلونے خریدتے وقت خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔