ایشیئن امریکن ہیریٹج منتھ، مختلف ثقافتوں کے رنگ بکھر گئے
نیویارک کی ناساؤ کاؤنٹی کی ہیمپسٹیڈ ٹاؤن بورڈ اور ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی افیئرز نے پاکولی کے اشتراک سے ایشئن امریکن ہیریٹج منتھ بھرپور انداز میں منایا۔ ایشیائی کمیونٹی کی مختلف تہذیب و ثقافت کے رنگوں نے تقریب کو چار چاند لگادیے۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی آف لانگ آئی لینڈ،ہیمپسٹیڈ ٹاؤن بورڈ کے سپر وزائر ڈان کلیون اورڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی افیئرزکے اشتراک سے ایشیائی امریکیوں کی تہذیب و ثقافت کو منانے کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز امریکی قومی ترانے سے ہوا۔تقریب کی نظامت ہیمپسٹیڈ ٹاؤن بورڈکے ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی افیئرز کے ڈائریکٹر زاہد سید کر رہے تھے جبکہ پاکولی کے جنرل سیکرٹر ی عاصم ملک بھی تقریب کو آگے بڑھانے میں پیش پیش رہے ۔
تقریب میں پاکستانی، بنگلہ دیشی اور دیگر کمیونٹی کے افراد نے اپنے منفرد انداز میں ثقافتی رقص کا شاندار مظاہرہ کیا جس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔اس موقع پر پاکولی کے سلمان شیخ نے اپنی ساتھیوں کے ہمراہ روایتی پنجابی انداز میں بھنگڑے ڈال کر سب کا لہو گرمایا۔نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی مصروفیت کے باعث شریک نہ ہوسکے، ان کی سائٹیشن عاصم ملک نے وصول کی۔
رنگا رنگ تقریب کو سجانے میں پاکولی کی ٹیم نے بھرپور محنت کی جس کی بدولت شرکاء نے ہر سیگمنٹ کو خوب انجوائے کیا، شرکاء سے خطاب میں پاکولی کے صدر ہمایوں شبیر اور عذرا ڈار کا کہنا تھا کہ ناساو کاونٹی مختلف قومیتوں پر مشتمل ایک گلدستہ ہے اور ہم سب نے مل کر اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے ۔
اس موقع پر تقریب میں شریک مختلف کمیونٹی کی نمائندہ اور نمایاں شخصیات کو بھی تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔