اکنا کا 50 واں سالانہ 3 روزہ کنونشن اختتام پذیر ہوگیا
اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے زیرِ اہتمام 50 واں تین روزہ سالانہ کنونشن اختتام پذیر ہوگیا ۔ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی موڑ میں منعقدہ سالانہ اکنا کنونشن میں خصوصی تقریبات، تاریخی جھلکیاں، تصویری نمائشیں اور دستاویزی فلموں کے ذریعے اکنا کی نصف صدی پر محیط جدوجہد اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سفارتی و سیاسی شخصیات بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئیں اورپاکستان کے امریکا میں سفیر رضوان سعید شیخ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ،کنونشن میں نوجوانوں نے نہایت خوبصورت اور دل کو چھو لینے والے انداز میں تلاوتِ قرآنِ کریم پیش کی۔
اکنا کے صدر سعد کاظمی کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اجتماعات کے ذریعے ہم امریکا میں بسنے والے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے ہیں تاکہ ان میں اتحادو شعورکا احساس پیدا ہو۔
کنونشن میں امریکا اور دیگر ممالک سے معروف اسلامی اسکالرز، مبلغین، دانشور اور ماہرین نے بھی شرکت کی۔ جن میں شیخ عمر سلیمان، ڈاکٹر یاسر قاضی، امام سراج وہاج، مولانا عبدالرحمٰن سمیت درجنوں نامور شخصیات شامل تھیں۔جنہوں مختلف موضوعات پر شرکا سے خطاب کیا۔امریکہ کے معروف مسلمان رکنِ کانگریس انڈری کارسن اور دیگر مسلم نژاد سیاستدانوں نے بھی شرکت کی اور مقررین نے اپنے خطابات میں مسلمانوں کے اتحاد، سیاسی بیداری، اور امریکی معاشرے میں مثبت کردار پر زور دیا۔
تین روزہ سالانہ کنونشن میں رات کے وقتَ قیام اللیل کے روح پرور اجتماعات بھی منعقد ہوئے اورنمازِ تہجد ادا سمیت باجماعت نماز کی ادائیگی بھی کی جاتی رہی ۔50ویں تین روزہ سالانہ کنونشن میں 200 سے زائد مختلف زبانوں میں تعلیمی، دینی، سماجی اور تربیتی سیشنز منعقد ہوئے ، ان سیشنز کا دائرہ کار قرآن و سنت، مسلم نوجوانوں کی تربیت، ٹیکنالوجی، فنانشل پلاننگ، خاندانی زندگی، نفسیاتی رہنمائی اور موجودہ عالمی حالات پر روشنی ڈالی گئی ۔
اس موقع پر کنونشن کے شرکا کے لئے بازار میں مختلف اسٹالز بھی لگائے تھے جہاں اسلامی کتابیں، دیدہ زیب ملبوسات، مشرقی زیورات، قدرتی مصنوعات، گھریلو آرائش کا سامان، اور اسلامی فنون لطیفہ سے متعلق اشیاء دستیاب تھیں جبکہ خواتین کے مہندی لگانے کے اسٹالز بھی موجود تھے اور بچوں کے لیے پلے ایریاز، تعلیمی سرگرمیاں اور تفریحی مقابلے بھی منعقد ہوئے۔