امریکی شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک اسپتال کے باہر امیگریشن حکام کی جانب سے ایک شخص کو گرفتار کرنے پر بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج شروع ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ بشوک کے وائکوف ہائٹس میڈیکل سینٹر کے باہر پیش آیا، جہاں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے اہلکاروں نے ایک نائجیرین شہری کو حراست میں لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص پر پہلے سے حملے اور منشیات رکھنے کے الزامات تھے اور وہ ویزا مدت سے زیادہ قیام کر رہا تھا۔آئی سی ای کے مطابق گرفتاری کے دوران ملزم نے مزاحمت کی، گاڑی کو اہلکاروں پر چڑھانے کی کوشش کی اور جسمانی طور پر بھی مزاحمت کی، جس پر اہلکاروں نے اسے قابو کیا۔ بعد ازاں اسے طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔دوسری جانب مقامی رہنماؤں اور شہریوں نے اس کارروائی پر شدید ردعمل دیا اور اسے غیر مناسب قرار دیا۔ جیسے ہی واقعے کی خبر پھیلی، بڑی تعداد میں لوگ اسپتال کے باہر جمع ہو گئے، جس کے باعث ٹریفک بھی متاثر ہوئی۔ پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران 8 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک شخص کو عدالتی سمن جاری کیا گیا۔