امریکی ریاست مسیسیپی میں شدید طوفانوں اور کم از کم تین خطرناک بگولوں نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں تقریباً 500 گھر متاثر جبکہ کم از کم 17 افراد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق طوفانوں نے ریاست کے جنوب مغربی حصوں کو بری طرح متاثر کیا، تاہم خوش قسمتی سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ریاستی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ سب سے زیادہ تباہی بوگ چیٹو نامی علاقے میں واقع ایک ٹریلر پارک میں ہوئی جہاں متعدد موبائل گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ زخمی ہونے والے 12 افراد کو اسی علاقے سے اسپتال منتقل کیا گیا۔ طوفان کے بعد لوگ اپنے تباہ شدہ گھروں کے ملبے میں سامان تلاش کرتے دکھائی دیے جبکہ درخت اور بجلی کی تاریں بھی جگہ جگہ گری پڑی تھیں۔نیشنل ویدر سروس کے ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ کم از کم تین بگولے مختلف کاؤنٹیز سے گزرے جبکہ مزید بگولوں کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جا رہا۔ گورنر ٹیٹ ریوز نے شہریوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہیں اور لوگوں سے غیر ضروری طور پر تباہ شدہ مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق مزید طوفانوں کا خطرہ الاباما، جارجیا اور فلوریڈا سمیت دیگر جنوبی ریاستوں میں بھی موجود ہے۔