ہیوسٹن: آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ کی کامیابی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر تقریب
ہیوسٹن میں آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ کی کامیابی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر سندھ نہال ہاشمی نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب معروف پاکستانی نژاد امریکی بزنس ٹائیکون تنویر احمد کی جانب سے منعقد کی گئی، جہاں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے پاک فوج اور پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ سے نہ صرف پاکستان کا دفاع مضبوط ہوا بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے وقار اور عزت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قیادت بہادر ہو تو دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسی قیادت بھی رہی جو بھارت کو مؤثر جواب دینے میں بہادری نہ دکھا سکی۔تقریب سے میزبان تنویر احمد سمیت دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور قومی دفاع کے لیے کردار کو سراہا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستانی قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ہر مشکل وقت میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر و سینیٹر بابر خان غوری، سابق وفاقی وزیر شمیم احمد صدیقی، ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عمائدین شہر نے بھی شرکت کی۔ تقریب حب الوطنی کے نعروں اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔