کنساس کی ریئل اسٹیٹ ایجنٹ مشل اوکانر پر ٹیکس چوری اور کووڈ قرض فراڈ کے الزامات
کنساس(ویب ڈیسک) وفاقی گرینڈ جیوری نے کنساس کی رہائشی ریئل اسٹیٹ ایجنٹ مشل اوکانر پر ٹیکس چوری اور وائر فراڈ کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی ۔ اگر عدالت میں الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو مشل اوکانر کو ٹیکس چوری پر 5 سال اور ہر وائر فراڈ کے الزام پر 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
لوئسبرگ کنساس کی رہائشی مشل اوکانر، کنساس سٹی میٹرو ایریا میں ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی کی مالک اور منتظم تھیں۔ انہوں نے 2008 سے 2015 کے درمیان اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے جن میں انہوں نے خود تسلیم کیا کہ ان پر تقریباً 3 لاکھ ڈالر ٹیکس واجب الادا ہے، لیکن اس کی ادائیگی نہیں کی۔سال 2011 میں امریکی انکم ٹیکس کے محکمےنے اوکانر کے 2008 اور 2009 کے ٹیکس گوشواروں کا آڈٹ کیا۔ آڈٹ میں انکشاف ہوا کہ انہوں نے اپنے ذاتی اخراجات کو چرچ آف ریویلیشن اینڈ لوونامی ایک جعلی مذہبی ادارے کے نام پر خیراتی عطیات ظاہر کیا۔ یہ ادارہ اوکانر اور ان کے شوہر نے خود قائم کیا تھا، اور اس کے بنیادی ارکان بھی ان کا اپنا خاندان ہی تھا۔ IRS نے اس جعلسازی پر اوکانر پر مزید 40 ہزار ڈالر کا اضافی ٹیکس عائد کیا۔IRS نے 2011 سے 2023 کے دوران بارہا کوشش کی کہ اوکانر سے ٹیکس کی رقم وصول کی جائے۔ اس سلسلے میں 50 سے زائد نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ تاہم، اوکانر نے ان کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے متعدد غیر قانونی حربے اپنائے، جن میں جھوٹے دیوالیہ پن کی درخواستیں، بینک بیلنس چھپانے کے لیے کیشیئرز چیکس کی خریداری، ذاتی بینک اکاؤنٹس بند کرنا اور کاروباری اکاؤنٹس کو ذاتی اخراجات کے لیے استعمال کرنا شامل ہے۔2020 تک، اوکانر پر IRS کا بقایا ٹیکس، جرمانے اور سود ملا کر کل تقریباً 5 لاکھ ڈالر ہو چکا تھا۔اسی سال، انہوں نے COVID-19 کے دوران نافذ کردہ اقتصادی امدادی پروگرام "Economic Injury Disaster Loan ” کے تحت 34 جعلی درخواستیں جمع کرائیں۔ یہ درخواستیں انہوں نے نہ صرف اپنی ریئل اسٹیٹ کمپنی کے لیے بلکہ سات دیگر فرضی کمپنیوں کے نام پر بھی جمع کروائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ رقم حاصل کی جا سکے۔اس فراڈ کے ذریعے اوکانر نے تقریباً 3 لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کی، جنہیں انہوں نے ذاتی استعمال میں لایا، جن میں سے 1 لاکھ 15 ہزار ڈالر کی کرپٹو کرنسی کی خریداری بھی شامل تھی۔ تاہم، سزا کا حتمی فیصلہ عدالت قانون اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے کرے گی۔یہ کیس IRS کی کرمنل انویسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے تفتیش کیا جا رہا ہے، جبکہ امریکی محکمہ انصاف کی ٹیکس ڈویژن کے وکلاء ڈومینِک جیووانییلو اور رابرٹ کیمنز اس مقدمے کی پیروی کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ فردِ جرم صرف الزامات کی نمائندگی کرتی ہے، اور جب تک عدالت کسی کو مجرم قرار نہ دے، وہ بےگناہ تصور ہوتا ہے۔