نیویارک میں کوالٹی آف لائف ڈویژن کا قیام، میئر ایڈمز اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کا بڑا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے شہر میں عوامی زندگی سے متعلق شکایات کے فوری حل اور کمیونٹی کے ساتھ پولیس کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کوالٹی آف لائف ڈویژن کے قیام کا اعلان کر دیا۔
یہ خصوصی ڈویژن ان شکایات اور مسائل پر توجہ دے گی جو شہریوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرتے ہیں، جن میں شور و غل، غیر قانونی پارکنگ، بے گھر افراد کے کیمپس، کھلی جگہوں پر منشیات کا استعمال، غیر قانونی وینڈنگ، لاوارث گاڑیاں، تیز رفتار ڈرائیونگ اور دیگر عوامی تحفظ کے خدشات شامل ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ ہم نیویارک کو قانون کا پابند اور محفوظ ترین شہر بنانا چاہتے ہیں۔ شہریوں کے روزمرہ کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ ہماری توجہ اب اُن مسائل پر ہے جو خبروں کی شہ سرخیاں نہیں بنتے، لیکن عام آدمی کی زندگی پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ ہر شہری کو خود کو محفوظ محسوس کرنے کا حق ہے۔ڈویژن کا آغاز ابتدائی طور پر شہر کے پانچ پولیس پریسنکٹس اور ایک ہاؤسنگ پولیس ایریاسے کیا جائے گا، جہاں اسے پائلٹ پروگرام کے طور پر چلایا جائے گا۔ کامیابی کی صورت میں اسے پورے شہر میں نافذ کر دیا جائے گا۔ڈویژن کی سربراہی ڈپٹی چیف ولیم گلین کو سونپی گئی ہے جو نیو یارک پولیس میں 21 سالہ تجربہ رکھتے ہیں اور ماضی میں کئی اہم کمیونٹی اقدامات کی قیادت کر چکے ہیں۔نئی ڈویژن میں Q-Teams تشکیل دی گئی ہیں جو ہر پریسنکٹ میں کام کریں گی اور 311 سروس سے موصول ہونے والی غیر ہنگامی شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی کریں گی۔ ان افسران کو اضافی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ مخصوص شہری مسائل کا بہتر انداز میں حل کر سکیں۔پراجیکٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے کوئی اضافی بجٹ مختص نہیں کیا جائے گا بلکہ نیو یارک پولیس کے موجودہ وسائل کو ہی مؤثر طریقے سے استعمال میں لایا جائے گا۔