vosa.tv
Voice of South Asia!

نیو یارک: ہڈسن دریا میں سیاحتی پروازکے دوران ہیلی کاپٹر گرنے سے  اسپین کا خاندان اور پائلٹ جاں بحق

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے ہڈسن دریا میں ایک سیاحتی ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں اسپین سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے پانچ افراد اور ہیلی کاپٹر کا پائلٹ جان سے  گئے۔ حادثہ جمعرات کی سہ پہر جرسی سٹی کے قریب پیش آیا۔

مرنے والوں میں سیمنز کمپنی کے ایگزیکٹو آگسٹن اسکوبر، ان کی اہلیہ مرسے کامپروبی مونتال اور ان کے تین بچے جن کی عمریں 4، 5، اور 11 سال تھیں شامل ہیں۔ ہیلی کاپٹر کے 36 سالہ پائلٹ کی بھی جان  گئی۔نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق، ہیلی کاپٹر New York Helicopters کمپنی کے زیرِ انتظام تھا اور Bell 206 ماڈل تھا، جو دو بج کر 59 منٹ پر ڈاؤن ٹاؤن مینہیٹن ہیلی پورٹ سے روانہ ہوا تھا۔ پرواز کے دوران یہ جارج واشنگٹن پل تک گیا اور پھر واپس جنوبی جانب مڑا، تاہم 3 بج کر 25 منٹ پر  ریڈار سے غائب ہو گیا۔عینی شاہدین کے مطابق، ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکڑے ٹکڑے ہو کر  دریا میں گرا۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کا ٹیل روٹر اور مرکزی پنکھا غائب تھا۔ کئی افراد نے اسے گولیوں جیسے دھماکے اور سونک بوم کی آواز کے ساتھ فضا میں ٹوٹتے دیکھا۔ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں، چار افراد کو جائے حادثہ پر مردہ قرار دیا گیا، جبکہ دو کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ رات کو کرین کے ذریعے دریا سے نکال لیا گیا، تاہم کچھ اہم پرزے اب بھی لاپتا ہیں، جن کی تلاش نیو یارک اور نیو جرسی اسٹیٹ پولیس کے غوطہ خور دوبارہ کریں گے۔جرسی سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے تحقیقات کی قیادت سنبھال لی ہے، جبکہ اسپین کا قونصل خانہ امریکی حکام سے متاثرہ خاندان کی شناخت کے لیے رابطے میں ہے۔ نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور جرسی سٹی کے میئر اسٹیون فلوپ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حادثے کے مقام پر فضائی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.