vosa.tv
Voice of South Asia!

کیلیفورنیا شہری کا سپریم کورٹ جج کے قتل کی منصوبہ بندی کے جرم کا اعتراف

0

کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے رہائشی 29 سالہ نکولس جان روسکے نے سپریم کورٹ کے ایک جج کے قتل کی منصوبہ بندی کے جرم کا اعتراف کر لیا۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، یہ اقدام اُس وقت سامنے آیا جب عدالتی دستاویزات سے پتا چلا کہ روسکے نے 7 جون 2022 کو لاس اینجلس سے ڈلس ایئرپورٹ تک فضائی سفر کیا، اور بعد ازاں میری لینڈ میں واقع سپریم کورٹ کے ایک جج کے گھر کے باہر ٹیکسی سے اُترا۔ وہ مکمل سیاہ لباس میں ملبوس تھا اور اس کے پاس ایک بیگ اور سوٹ کیس تھا جس میں خطرناک ہتھیار موجود تھے۔ روسکے نے جج کے گھر کے قریب پہنچنے کے بعد خود ہی پولیس کو فون کر کے اطلاع دی کہ وہ قتل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور خودکشی کے خیالات بھی اس کے ذہن میں ہیں۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور اسے گرفتار کر لیا۔ اس کے قبضے سے ایک بندوق، چاقو، گولیاں، پیپر اسپرے، زِپ ٹائیز، ہتھوڑا، پیچ کس، تالا کھولنے کے آلات اور دیگر خطرناک اشیاء برآمد ہوئیں، جو اس کے منصوبے کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہیں۔ تحقیقات کے دوران روسکے نے تسلیم کیا کہ اس نے عدالت کے ایک لیک ہونے والے فیصلے سے ناراض ہو کر یہ قدم اٹھایا جو مذکورہ مسودہ اسقاط حمل کے قوانین سے متعلق تھا، جس پر وہ شدید ناراض تھا۔ ساتھ ہی ٹیکساس میں پیش آنے والے اسکول شوٹنگ کے واقعے نے بھی اس کے ذہنی دباؤ کو بڑھا دیا تھا۔ اس نے اعتراف کیا کہ وہ جج کو قتل کرنے کے ارادے سے وہاں آیا تھا۔ اس مقدمے میں روسکے پر فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے، اور امریکی قانون کے تحت اُسے عمر قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ عدالتی فیصلہ 3 اکتوبر کو سنایا جائے گا، جس میں قانونی تقاضوں اور شواہد کو مدنظر رکھا جائے گا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی)، یو ایس مارشل سروس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی نے ایک ممکنہ المیے کو رونما ہونے سے روک دیا، جس پر حکام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.