اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب کی سبکدوشی پر الوداعی عشائیہ
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے سبکدوش ہونے والے مستقل مندوب منیر اکرم کے اعزاز میں نیو یارک کے علاقے ہکس ول کے مقامی ریسٹورنٹ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی شاندار خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کو بھی خوش آمدید کہا گیا۔ تقریب میں سفارتی شخصیات، پاکستانی کمیونٹی کے معزز اراکین اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب میں مہمانوں کا پرتپاک انداز میں استقبال کیا گیا اورانھیں گلدستے پیش کئے گئے۔
اے آر وائے کے سی او او آصف جمال نے تقریب کی میزبانی کی، آصف جمال نے منیر اکرم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور پاکستان کے عالمی تشخص کو بہتر بنانے کے لیے ان کی کوششیں بے مثال ہیں۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں نو متعین مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے شرکاء سے مخاطب ہوئے اپنے عزائم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے سفارتی کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو بلند کرنے، انسانی حقوق، امن مشنز اور دیگر اہم امور پر اپنی توانائیاں مرکوز رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
منیر اکرم نے اپنی تقریر میں پاکستان کے سفارتی سفر، اقوامِ متحدہ میں اپنے تجربات اور چیلنجز کا ذکر کیا۔ انہوں نےکہا کہ ہمارے لئے اپنے ملک کی نمائندگی قابل فخر ہے کیونکہ پاکستان ایک بہترین ملک ہے ،انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور بین الاقوامی سطح پر اس کی بہتر نمائندگی کے خواہاں رہیں گے۔
تقریب میں نیو یارک میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل عامراحمداتو زئی ،اے پی پیک کے چئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد، اور انسپکٹر عدیل رانا سمیت کمیونٹی کی اہم شخصیات اور پاکستانی امریکن صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کی خدمات کو سراہنے کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے منیر اکرم کی اقوامِ متحدہ میں خدمات، عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کی مؤثر نمائندگی اور سفارتی میدان میں ان کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے ان کی قائدانہ صلاحیتوں، مہارت اور پاکستان کے عالمی تشخص کو بہتر بنانے کے لیے ان کی کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں شریک مختلف معزز مہمانوں نے اسے ایک اہم موقع قرار دیا، جہاں پاکستانی کمیونٹی نے اپنے سابق اور نئے سفیر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ان کے تجربات سے سیکھنے کا موقع پایا۔ آخرمیں منیر اکرم کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔