نیویارک پولیس میں ترقیاں، پاکستانی افسر کیپٹن بن گیا
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اپنے ڈیڑھ سو سے زائد افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی۔ ترقی پانےو الوں میں ساوتھ ایشئن اور مسلمان افسران بھی شامل ہیں۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور اہلکاروں کے لیے آج کا دن عید سے کم نہیں ۔ڈیپارٹمنٹ نے 159ملازمین کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی ہے جن میں 124 افسران اور 36 سویلین شامل ہیں ۔پولیس ہیڈ کوارٹرز ون پولیس پلازہ میں منعقدہ تقریب کے آغاز پر پولیس کے بینڈ نے سلامی دی اور امریکی قومی ترانہ پڑھا گیا۔تقریب میں پولیس کمشنر جیسیکا ٹش سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور مختلف شعبہ جات میں تعینات اہلکار شریک تھے ۔این وائے پی ڈی کی پروموشن فہرست کے مطابق افسران کو چیف آف ٹریننگ، چیف آف ٹرانسپورٹیشن، چیف ہاوسنگ،ڈپٹی چیف، انسپکٹر، ڈپٹی انسپکٹر، کیپٹن، لوٹیننٹ، سارجنٹ، ڈیٹیکٹیو کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔ترقی پانے والوں میں ساوتھ ایشئن اور مسلم کمیونٹی کے افسران بھی شامل ہیں۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے افسران کو ترقی ملنے پر مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ توقع کرتی ہوں کہ تمام افسران اس شہر اور ملک کی بہتری کے لیےاپنا پہلے سے بہتر کردار ادا کریں گے ۔اس موقع پر ترقی پانے والے ساوتھ ایشئن افسران کا کہنا تھا کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ پوری دنیا میں بہترین شناخت رکھتا ہے، کوئی بھی اہلکار یا افسر کسی بھی کمیونٹی سے ہو کا کردگی کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے بہت مواقع موجود ہیں ۔تقریب میں پولیس افسران کے اہلخانہ، مسلم افسران اور پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات بھی اس جشن میں شریک ہوئیں۔