کیلیفورنیا: سیئول میڈیکل گروپ پر میڈیکیئر فراڈ کا الزام، 62 ملین ڈالر کا تصفیہ
کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم سیئول میڈیکل گروپ انکارپوریٹڈ اور ایڈوانسڈ میڈیکل مینجمنٹ انکارپوریٹڈ نے میڈیکیئر ایڈوانٹیج پروگرام میں جعلی تشخیصی کوڈز جمع کروا کر اضافی ادائیگی لینے کا الزام میں بھاری جرمانہ ادا کرنے کی حامی بھر لی ہے۔
محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ایلیز کے مطابق، سیئول میڈیکل گروپ انکارپوریٹڈ اور اس کی ذیلی کمپنی ایڈوانسڈ میڈیکل مینجمنٹ انکارپوریٹڈ نے 58.74 ملین ڈالر کا جرمانہ ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ سابق صدر ڈاکٹر من ینگ چا نے 1.76 ملین ڈالر ادا کرنے کی حامی بھری ہے۔ ان پر میڈیکیئر ایڈوانٹیج پروگرام میں جعلی تشخیصی کوڈز جمع کروا کر اضافی ادائیگی لینے کا الزام تھا۔ اس اسکیم میں شامل رینیسانس امیجنگ میڈیکل ایسوسی ایٹس انکارپوریٹڈ بھی 2.35 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرے گا۔ تحقیقات کے مطابق، 2015 سے 2021 کے دوران سیئول میڈیکل گروپ نے مریضوں میں ایسی ریڑھ کی ہڈی کی بیماریاں رپورٹ کیں، جو حقیقت میں موجود نہیں تھیں۔ جب میڈیکیئر ایڈوانٹیج پلان نے سوالات اٹھائے تو رینیسانس امیجنگ میڈیکل نے جعلی ریڈیالوجی رپورٹس تیار کرکے دھوکہ دہی کو جائز ثابت کرنے کی کوشش کی۔ حکومتی حکام نے میڈیکیئر دھوکہ دہی کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے، کیونکہ ایسے جرائم نہ صرف سرکاری فنڈز کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ مریضوں کے اعتماد کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ اس کیس میں سیئول میڈیکل گروپ کے سابق فنانس چیف پال پیو نے وسل بلوور کے طور پر مقدمہ دائر کیا تھا، اور انہیں تصفیے کی رقم میں سے حصہ دیا جائے گا۔ یہ تحقیقات محکمہ انصاف، محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے تعاون سے کی گئی، جبکہ حکومت نے عوام سے کسی بھی مشتبہ میڈیکیئر فراڈ کی اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔