چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 5 افراد زخمی
پنسلوانیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست پنسلوانیا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق، یہ حادثہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب ایک بیچ کرافٹ بونانزا سنگل انجن طیارہ لینکاسٹر ایئرپورٹ سے اوہائیو کے لیے روانہ ہوا، مگر تھوڑی دیر بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ بریدرین ولیج ریٹائرمنٹ کمیونٹی کی پارکنگ میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جس سے متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں۔ ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر جلتے ہوئے طیارے کی آگ بجھائی اور تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔ مانہیم ٹاؤن شپ پولیس چیف ڈواین فشر نے تصدیق کی کہ طیارے میں سوار تمام پانچ افراد زخمی ہوئے، مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) بھی تفتیش میں شامل ہوگا۔ پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی پولیس اور تمام متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔