نیویارک میں بےگھر مریضوں کے لیے میڈیکل ریسپائٹ پروگرام میں توسیع
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور ڈاکٹر مچل کیٹز نے شہر میں میڈیکل ریسپائٹ بیڈ پروگرام کی توسیع کا اعلان کر دیا۔
نیویارک کے ہیلتھ ہاسپٹلز کے سی ای او ڈاکٹر مچل کیٹز کے مطابق، اس اقدام کے تحت بےگھر مریضوں کو 90 دن تک قیام اور طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ میئر ایڈمز نے کہا نئے اضافے کے بعد 24 مزید بیڈز شامل کیے جا رہے ہیں، جس سے ہر سال 100 مزید افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا یہ پروگرام طبی طور پر کمزور افراد کو زخموں کی دیکھ بھال، فزیکل تھراپی اور دیگر ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ انہیں مستقبل میں مستقل رہائش کے حصول میں بھی مدد دے گا۔ میئر ایڈمز کا کہنا تھا کہ ہماری انتظامیہ نیویارک کو محفوظ اور سستا بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ میڈیکل ریسپائٹ بیڈز ان مریضوں کو صحت یابی کے لیے محفوظ جگہ فراہم کریں گے اور انہیں رہائشی وسائل تک رسائی دی جائے گی۔ ڈاکٹر مچل کیٹز کے مطابق، اس پروگرام سے اب تک 1,400 سے زائد مریض مستفید ہو چکے ہیں، جن میں سے 360 کو مستقل رہائش فراہم کی گئی ہے۔اس توسیع کے بعد شہر میں میڈیکل ریسپائٹ بیڈز کی مجموعی تعداد 75 ہو جائے گی، جو نیویارک اسٹیٹ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ یہ اقدام میئر ایڈمز کے ہاؤسنگ آور نیبرز منصوبے اور ہاؤسنگ فار ہیلتھ پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد صحت کی سہولیات اور رہائش کے استحکام کو بہتر بنانا ہے۔ ساتھ ہی شہر نے بےگھر افراد اور ذہنی امراض میں مبتلا شہریوں کے لیے 650 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق، اس پروگرام کے ذریعے اسپتالوں میں قیام کی مدت، ہنگامی وارڈ پر دباؤ کم کرنے اور بےگھر افراد کے لیے طویل مدتی رہائشی حل فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔