امریکا اور برطانیہ کے درمیان جلد تجارتی معاہدہ متوقع
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا اور برطانیہ کے درمیان جلد ایک عظیم تجارتی معاہدے کا اعلان کیا ہے۔
حالیہ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی برطانوی وزیراعظم سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں برطانوی وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو بادشاہ کی جانب سے دورہ برطانیہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ وائٹ ہاؤس میں ہوئی ملاقات میں صدر ٹرمپ نے سرکئیراسٹارمر کو خاص شخص قرار دیا، مشترکہ نیوز کانفرنس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین کے ساتھ معدنیات کا معاہدہ روس کے خلاف کیف کی سلامتی کی ضمانت ہے۔ یوکرینی صدر جمعے کو ملاقات کے لیے آئیں گے۔ ملاقات کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ کا خاتمہ سب کے مفاد میں ہے۔ طویل ماہ سے جاری خونی جنگ میں کئی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روسی صدر پیوٹن سے فون پر اچھی گفتگو ہوئی۔ امید ہے وہ اپنی باتوں پر قائم رہیں گے۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ یوکرین جنگ بندی کی کوششیں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں، روس یوکرین جنگ بندی معاہدہ ابھی نہیں ہوا تو پھر کبھی نہیں ہوسکے گا، اگر میں اُس وقت امریکی صدر ہوتا تو روس یوکرین جنگ نہ ہوتی۔ ادھر برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ امریکا کی ضمانت کے بغیر یوکرین میں امن قائم نہیں ہوسکتا، یوکرین روس تنازعے پر امریکا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔