نئے آن لائن رجسٹری سسٹم کے نفاذ میں وفاقی حکومت کی مدد کریں گے، ایرک ایڈمز
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے لیے نئے آن لائن رجسٹری سسٹم کے نفاذ میں وفاقی حکومت کی مدد کریں گے۔
یہ بات میئر ایڈمز نے ایک لائیو انٹرویو کے دوران کہی جہاں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 53 تارکین وطن سینٹر بند کیے گئے اور پالیسی کے تحت تارکین وطن کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میئر ایڈمز نے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ اپنے تعاون کا دفاع کیا اور عندیہ دیا کہ نیویارک سٹی غیر قانونی تارکین وطن کے لیے نئے آن لائن رجسٹری سسٹم کے نفاذ میں وفاقی حکومت کی مدد کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ شہر کے مفاد میں وفاقی حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ ایڈمز نے اپنے خلاف جاری وفاقی بدعنوانی کے الزامات پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے قصور ہیں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نیویارک کے شہریوں کی خدمت جاری رکھیں گے اور ان کے استعفی کا مطالبہ غیر جمہوری ہے۔