ایرک ایڈمز کا سیلابی مسائل کے حل کے لیے 390 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے بروکلین کے بشوک علاقے میں سیلابی مسائل کے مستقل حل کے لیے 390 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
میئر کے مطابق، منصوبے کے تحت نکربوکر ایونیو سے تقریباً تین میل تک سیوریج نظام کی اپگریڈیشن کی جائے گی، جس سے نکاسی آب کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا اس منصوبے کے ذریعے پانی کی مین لائنز کو ایک میل تک تبدیل کیا جائے گا تاکہ علاقے میں پانی کی فراہمی بہتر ہو سکے۔ ساتھ ہی جن نجی پانی کی پائپ لائنوں میں سیسہ موجود ہوگا، انہیں بلا معاوضہ تبدیل کیا جائے گا، جس سے مکینوں اور کاروباری افراد کو مالی فائدہ پہنچے گا۔ منصوبے کے تحت نکربوکر ایونیو کو جدید معیار کے مطابق دوبارہ ڈیزائن کیا جائے گا تاکہ پیدل چلنے والوں، سائیکل سواروں اور ڈرائیوروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس منصوبے کے ساتھ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی رہائشی سہولیات کی بہتری کے لیے وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری جاری ہے۔ میئر نے کہا بشوک کا سیوریج نظام 1900 کی دہائی کے اوائل میں بنایا گیا تھا، اور شدید بارشوں کے دوران یہاں بار بار سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی تھی۔ اب نئے منصوبے کے تحت نکربوکر ایونیو اور ملحقہ علاقوں میں نکاسی آب کی صلاحیت 226 ملین گیلن یومیہ سے بڑھا کر 1.9 بلین گیلن یومیہ کر دی جائے گی، جس سے مکینوں کو درپیش دیرینہ مسائل کا خاتمہ ممکن ہوگا۔